شام میں پہلی کینسر دوا ساز فیکٹری کا افتتاح

دمشق: شام کے دارالحکومت دمشق میں ملک کی پہلی کینسر دوا ساز فیکٹری کا افتتاح کیاگیاہے ،فیکٹری میں اعلیٰ معیار کی ادویات تیار کی جائیں گی جو 70 فیصد مقامی ضروریات پوری کریں گی،فیکٹری کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ اس سے کیموتھراپی کی ادویات بھی تیار کی جائیں گی جو شام اور عرب دنیا میں اپنی قسم کی پہلی ادویات ہونگی، فیکٹری ادراشہر کے صنعتی علاقے میں دمشق سے 40 کلو میٹر شمال میں واقع ہے، اس سلسلے میں ان نمایاں بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کئے گئے ہیں جو اس قسم کی ادویات تیار اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تجزیہ کرنے کی اعلیٰ سطح ٹیکنالوجی کی حامل ہیں ،مین فارما فیکٹری کے ایگزیکٹو منیجر عدنان جافو نے افتتاحی تقریب کے موقع پر ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ فیکٹری شام میں ادویات سازی کے شعبے میں بہت بڑی پیشرفت ہے ، انہوں نے خاص طور پر کہا کہ ابھی دنیا کے کئے ممالک سے ابتدائی خام مال درآمد کیاجائے گا جن میں چین اور بھارت بھی شامل ہیں۔




