
لاہور: انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کی اپیل خارج کرتے ہوئے ڈیوس کپ ٹائی نیوٹرل مقام پر کروانے کا فیصلہ برقراررکھاہے۔ایشیا اوشیانا گروپ ون میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ مقابلے اسلام آباد میں 29اور 30نومبر کو شیڈول تھے تاہم بھارتی ٹینس حکام کیمطالبے پر سکیورٹی کو جواز بناکر انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے چار نومبر کو یہ مقابلے نیوٹرل مقام پر شفٹ کرنے کا اعلان کیاتھا۔پاکستان ٹینس فیڈریشن نے اس فیصلے پر نظرثانی کرنے کی اپیل کی تھی جسے آئی ٹی ایف نے مسترد کردیاہے اور یہ اب مقابلے قازقستان میں کروانے کے بارے میں دونوں ممالک کو آگاہ کردیاگیاہے۔انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے پاکستان سے کی جانے والی اس ناانصافی پر پر ٹینس اسٹار اعصام الحق اور عقیل خان پہلے ہی ان مقابلوں کا بائی کاٹ کرچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اپیل خارج ہونے کے بعد پاکستان ٹینس ٹیم ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت ضرور کرے گی تاہم پی ٹی ایف کی طرف سے سینئرز کے بجائے جونیئر ٹیم کو بجھوانے کا امکان ہے۔



