پیپلزپارٹی کا آصف علی زرداری کی صحت پر گہری تشویش کا اظہار،پرائیویٹ میڈیکل بورڈ کی تشکیل کا مطالبہ

0 38

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے علاج کے لئے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ بٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سابق صدر کے وکلاء سردار لطیف خان کھوسہ، سردار شہباز لطیف کھوسہ اور خرم لطیف کھوسہ نے سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی کو بھیجے گئے ایک اور مراسلے میں سابق صدر کے علاج کے لئے پرائیویٹ میڈکل بورڈ بٹھانے کی درخواست کی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ سرکاری بورڈ نے بھی اپنی رپورٹ میں صدر زرداری کے علاج کے لئے نیورولوجسٹ کی مدد لینے کی سفارش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری میڈیکل بورڈ کے مطابق صدر زرداری کی شریانوں میں خون کا جمنا ان کی زندگی کے لئے خطرناک ہے۔ شوگر لیول بھی خطرناک حد تک اوپر نیچے ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے بنائے ہوئے میڈیکل بورڈ نے آصف علی زرداری کی صحت کے حوالے سے خطرے کا اظہار کیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان پیپلزپارٹی اور صدر زرداری کے خاندان کو گہری تشویش ہے۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ آرتھوبیڈنگ نہ ملنے کی وجہ سے صدر زرداری کا دیرنیہ مرض شدت اختیار کر گیا ہے۔ سرکاری بورڈ کی رپورٹ میں ہڈیوں کی بیماری کی وجہ سے مناسب بستر نہ ملنے سے پیدا ہونے والے مسائل کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ سرکاری ڈاکٹرز کے بورڈ نے آصف علی زرداری کی صحت کو لاحق سنجیدہ مسائل کی نشاندہی کی ہے اس لئے پاکستان پیپلزپارٹی اور خاندان بار بار مطالبہ کرتے ہیں کہ سابق صدر کے علاج کے لئے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ بٹھایا جائے جس میں سابق صدر کے ذاتی معالج بھی شامل ہوں۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ علاج و معالجے کی مناسب سہولت ہر شخص یا قیدی کا بنیادی حق ہے۔ قانون ہر شخص اور قیدی کے علاج و معالجے کی ضمانت دیتا ہے اس لئے آصف علی زرداری کے علاج کا مطالبہ کوئی رعایت حاصل کرنا نہیں بلکہ قانونی حق حاصل کرنا ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.