تیزگام حادثے میں ریلوے کی غلطی نہیں مسافر قانون کا احترام نہیں کرتے، شیخ رشید
اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہاہے کہ تیزگام حادثے میں ریلوے کی غلطی نہیں بلکہ لوگ ریلوے قانون کا احترام نہیں کرتے تاہم ٹرین میں مسافر سلنڈر کیسے لے کر پہنچے اس کی تحقیقات کی جائے گی۔جمعرات کو وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سولہ ماہ میں تین حادثات ہوئے ہیں، لوگ قانون کا احترام نہیں کرتے، ٹرین میں آگ بجھانے کا آلہ لگا ہوتا ہے لیکن آگ کی شدت بہت زیادہ تھی اور آگ بجھانے کا آلہ چھوٹا تھا جب کہ کسی مسافرنے اس آلہ کا بھی استعمال نہیں کیا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حادثے میں ریلوے کی نہیں بلکہ مسافروں کی غلطی ہے، مسافروں نے ناشتہ بنانے کے لیے سلنڈرجلایا جس کے بعد چلتی ٹرین میں آگ لگ گئی۔ چھوٹے اسٹیشنوں پراسکینرکا نظام موجود نہیں لہذا تحقیقات کریں گے کہ مسافرکون سے اسٹیشن سے سلنڈر لیکر چڑھے۔وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ دونوں بوگیوں میں بیک وقت آگ لگی، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، اس حادثے میں ریلوے کی کوتاہی ضرور ہے جس کی تحقیقات کرکے وجہ سامنے لائیں گے۔