چوہدری شوگر ملز کیس،مریم نواز کی درخواست پر نیب کا جواب جمع

0 28

لاہور:  لاہور ہائی کورٹ میں چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت کی درخواست پر نیب نے جواب جمع کروادیا، جس پر مسلم لیگ کی رہنما کے وکیل نے جواب کیلئے (آج) منگل تک کی مہلت مانگ لی۔ پیر کو لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی۔اس دوران نیب کے تفتیشی افسر اور وکیل عدالت میں پیش ہوئے جبکہ مریم نواز کی جانب سے ان کے وکیل نے ان کی نمائندگی کی۔دوران سماعت عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ ہم مریم نواز کے کیس سے پہلے کچھ سوالات کرنا چاہتے ہیں۔عدالت نے پوچھا کہ کیا مریم نواز اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کر رہی ہیں؟ جس پر ان کے وکیل نے جواب دیا کہ جی مریم نواز کو اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔اسی پر لاہور ہائی کورٹ کے جج نے پوچھا کہ کیا نیب نے درخواست پر جواب جمع کرادیا ہے؟ جس پر نیب کی جانب سے مریم نواز کی درخواست پر جواب عدالت میں پیش کیا گیا۔اس پر مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ ان کی موکل عدالتی ریمانڈ پر ہیں، اسی بنیاد پر درخواست ضمانت دائر ہوچکی ہے، جس پر جسٹس باقر نجفی نے کہا کہ اگر آپ تیار کرنا چاہتے ہیں تو بتائیں، اگر تیاری مکمل ہے تو آج ہی کیس سن لیتے ہیں۔جس پر مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ نیب کا جواب ہمیں مل گیا ہے، (آج) تک ہم تیاری کرلیتے ہیں، اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ فریقین کے وکلا کل تک تیار کے ساتھ پیش ہوں، بعد ازاں مذکورہ کیس کی سماعت (آج) منگل تک ملتوی کردی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.