
اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق 12 مئی بروز بدھ کو شوال کا چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں، اس بار 29 کی بجائے 30 روزے پورے ہونے کا امکان ہے اور عید الفطر 14 مئی بروز جمعہ کو ہوسکتی ہے۔
دوسری طرف عیدالفطر کے موقع پر ملک کے اکثر بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم میدانی و جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
اس بار روزے 29 ہوں گے یا تیس، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش 12 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 01 منٹ پر ہوگی جس کے مطابق 12 مئی 29 رمضان کو نئے چاند کے نظر آنے کاکوئی امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر ظہیر بابر کہتے ہیں کہ جمعہ کو عید ہونے کی صورت میں ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم میدانی علاقوں میں موسم گرم و خشک رہے گا۔



