اسرائیل، اقوام متحدہ کی گاڑی میں ’’جنسی تعلق‘‘کی ویڈیو وائرل ہونے پر تحقیقات کا آغاز
تل ابیب: اسرائیل میں اقوام متحدہ کی گاڑی میں ‘جنسی تعلق’ کی فوٹیج وائرل ہونے پر تشویش کی لہر دوڑ گئی۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے اسرائیل کے مرکزی شہر تل ابیب کی مرکزی سڑک پر اقوام متحدہ کے مخصوص نشان والی گاڑی کی پچھلی نشست پر لال رنگ کے کپڑوں میں ملبوس خاتون ایک شخص کے ساتھ ‘جنسی تعلق’ میں ہے۔اقوام متحدہ کے حکام نے کہا کہ وہ فوٹیج سے ‘حیران اور شدید پریشان’ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ واقعے کی تحقیقات کررہے اور ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی شناخت کریں گے۔اقوام متحدہ کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے افراد اسرائیل میں امن مشن آرگنائزیشن کے عملے کے رکن لگتے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجرک نے کہا کہ 18 سیکنڈز پر مشتمل ویڈیو میں دیکھا جانے والا منظر ‘انتہائی ناگوار’ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کا رویہ ‘اس ہر چیز کے خلاف ہے جس کے لیے ہم کھڑے ہیں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ جنسی فعل متفقہ ہے یا اس میں ادائیگی شامل ہے؟ اس پر اسٹیفن ڈوجرک نے کہا کہ ان سوالات کے جواب تفتیش کے بعد ہی دیے جا سکیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ چند برس میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل فوجیوں اور دیگر عملے پر جنسی نوعیت کے الزامات لگتے رہے ہیں۔