نئے کرکٹرز کی تلاش، پشاور زلمی نے زلمی ڈیجیٹل کیمپ کا اعلان کردیا

0 57

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی نے MG Presents زلمی ڈیجیٹل کیمپ لاؤنچ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے نوجوان پلیئرز زلمی اسکواڈ کا حصہ بن سکیں گے۔ نوجوان کرکٹرز اپنی بیٹنگ اور بولنگ کی وڈیو بناکر (زلمی کیمپ) ہیش ٹیگ پر اپ لوڈ کرکے پروگرام میں شامل ہوسکیں گے۔ پشاور زلمی کے ہیڈکوچ ڈیرن سیمی، مینٹور ہاشم آملہ اور ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نئے کرکٹ کی تلاش کے لیے سرگرم ہوگئے۔ہاشم آملہ، ڈیرن سیمی اور محمد اکرم نوجوان کرکٹرز کی بیٹنگ اور بولنگ ویڈیوز کا جائزہ لیں گے اور جن نوجوان کرکٹرز کی وڈیو نے زلمی مینجمنٹ کو متاثر کیا وہ ایمرجنگ کیٹیگری میں زلمی اسکواڈ کا حصہ بن سکتے ہیں۔ پشاور زلمی کے ہیڈکوچ ڈیرن سیمی نے اپنے ایک وڈیو پیغام میں نوجوانوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ زلمی ڈیجیٹل کیمپ نوجوان کرکٹرز کے لیے خود کو منوانے کا ایک شاندار موقع ہے آپ اپنی وڈیو بنائیں اور بھیجیں اور زلمی کی شاندار ٹیم کا حصہ بنیں۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ پشاور زلمی نے پہلے بھی حسن علی اور حیدر علی جیسے کئی شاندار ایمرجنگ کرکٹرز کو مواقع دئیے جو آگے جاکر پاکستان ٹیم کا حصہ بنے۔ ڈائریکٹر کرکٹ پشاور زلمی محمد اکرم نے کہا کہ کھلاڑی کورونا وائرس کی وجہ سے میدان سے دور ہیں ہم کھلاڑیوں کو پھر سے مصروف کرنے کی کوشش کررہے ہیں اپنی وڈیو بناکر ہمیں بھیجیں اور پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کا موقع حاصل کریں۔ پشاور زلمی کیچیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ڈیجیٹل پروگرام تشکیل دیا ہے ۔ نوجوان کرکٹرز اس پروگرام کا بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ ان کا ٹیلنٹ پشاور زلمی کے تھنک ٹینک تک پہنچ سکے اور انھیں بھرپور کوچنگ فراہم کی جاسکے۔ جاوید آفریدی نے کرکٹرز سے اپیل کی کہ تمام وڈیو انفرادی طور پر اور کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے ریکارڈ کی جائیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.