پاکستان نے کرتار پور راہداری 29جون کو دوبارہ کھولنے پر رضا مندی ظاہر کردی

0 33

اسلام آباد: پاکستان نے 29 جون کو کرتار پور راہداری دوبارہ کھولنے کے لئے اپنی رضامندی سے بھارت کو آگاہ کردیا ہے تاکہ بھارتی سکھ یاتری پاکستان میں اپنے مقدس مقام کی زیارت کر سکیں۔کرتار پور راہداری کو کوویڈ19-کی وبا پھیلنے کی وجہ سے رواں سال مارچ میں عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا۔ہفتہ کو پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ چونکہ دنیا بھر میں مذہبی مقامات بتدریج کھل رہے ہیں،پاکستان نے بھی بھارتی سکھ یاتریوں کے لئے کرتار پور صاحب راہداری کو دوبارہ کھولنے کے لئے ضروری انتظامات کئے ہیں۔بیان کے مطابق صحت کے رہنما خطوط پر عمل پیرا ہونے کے لئے پاکستان نے بھارت کو راہداری دوبارہ کھولنے کے لئے ضروری معیاری طریقہ کار پر عمل کرنے کی دعوت دی ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ سال نومبر میں اس راہداری کا افتتاح کیا تھا تاکہ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں واقع گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور اور بھارت کی شمالی ریاست پنجاب میں ڈیرہ بابا نانک کے سکھ مذہب کے مقامات کے درمیان ویزا فری لنک قائم کیا جاسکے۔وزارت خارجہ نے کہا کہ کرتار پور راہداری امن اور مذہبی ہم آہنگی کی ایک علامت ہے۔ پاکستان کے اس اہم اقدام کو بھارت سمیت پوری دنیا میں سکھ برادری نے بے حد سراہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.