اسمارٹ لاک ڈائون پر عمل درآمد کرتے ہوئے لاہور کے مزید سات علاقے سیل کردیئے گئے
لاہور : محکمہ داخلہ پنجاب نے کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے لاہور کے مزید 7علاقے سیل کرنے کا حکم جاری کردیا، صحافیوں، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف کو آنے جانے کی اجازت ہوگی۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلا ئوکے سدباب اور ایس او پیز پر یقینی عمل درآمد کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور کے مزید7علاقے سیل کردئے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور کے سیل کیے گئے علاقوں میں گلبرگ، ماڈل ٹائون، گارڈن، فیصل ٹائون، ڈی ایچ اے، گلشن راوی اور اندرون شہر بھی سیل کیے گئے علاقوں میں شامل ہیں۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ صحافیوں، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو آنے جانے کی اجازت ہوگی، اس کے علاوہ سرکاری ملازمین، وکلا، فارمیسی اور گروسری اسٹاف بھی پابندی سے مستثنی ہوں گے۔سیل کیے گئے علاقوں میں بنیادی اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گی ۔