بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کے خلاف درخواست منظور
لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کے خلاف دائر درخواست کو سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے سے متعلق درخواست پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام ایکٹ آف پارلیمنٹ سے وجود میں لایا گیا تھا، بی آئی ایس پی کا نام احساس پروگرام رکھنا غیر قانونی ہے،لہذا عدالت سے حکومت کے غیر قانونی اقدام کو کالعدم قرار دینے کی استدعا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے درخواست کو منظور کرتے ہوئے اسے سماعت کے لئے منظور کرلیا ہے اور بائیس جولائی کو وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردئیے ہیں۔