مولانا کوچڑھائی کرنی ہے تواسلام آباد پر نہیں ایل اوسی اور بھارت پر کریں، فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا صاحب کو ملک،عوام کا نہیں اپنی ذات کا درد ہے ، انھیں چڑھائی کرنی ہے تو ایل اوسی اور بھارت پر کریں ، وہ اسلام آباد میں چڑھائی پر بضد ہیں، ان کا ایجنڈا دیوانے کا خواب ہے، مدرسے ، یہ منافقت کی سیاست میں ایک دوسرے کو دھوکا دے رہے ہیں،طالبان وفد کے ساتھ مذاکرات نیک شگون ہے تاہم وزیر اعظم عمران خان سے طالبان وفد کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔۔تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم مظلوم کشمیریوں کی آواز بن کرڈٹی ہوئی ہے ، مولاناصاحب کو چڑھائی کرنی ہے تو ایل اوسی اور بھارت پر کریں ، لیکن وہ اسلام آباد میں چڑھائی پر بضد ہیں۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مولاناصاحب کو ملک،عوام کا نہیں اپنی ذات کا درد ہے ، ان کو جن جماعتوں پر یقین تھا وہ منافقت کررہی ہیں ، دو سیاسی جماعتیں ان کے کندھوں پر چڑھ کر آگے بڑھتی ہیں۔معاون خصوصی نے کہا مدرسے کے معصوم بچوں کو مولاناصاحب کی سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے ، یہ منافقت کی سیاست میں ایک دوسرے کو دھوکا دے رہے ہیں ، یہ ایک دوسرے کودھوکادیکر ذاتی مفادات کاتحفظ چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے مولاناصاحب دونوں جماعتوں کے عزائم کو بھانپیں گے، دونوں سیاسی جماعتیں اپنے مقاصد کیلئے کوشاں ہیں، مولاناصاحب جس ایجنڈے پرچل رہے ہیں عوام ان کے ساتھ نہیں، ان کا ایجنڈا دیوانے کا خواب ہے۔ دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا طالبان پولیٹیکل کمیشن کے وفد کے ساتھ گزشتہ روز دفتر خارجہ میں مذاکرات کا انعقاد مفاہمتی عمل کے لیے نیک شگون ہے۔یہ عمل اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی امن کیلئے مثبت ماحول پیدا کرنے میں گراں قدر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا گزشتہ روز طالبان وفد کی وزیر خارجہ سے ملاقات اسی سلسلے کی کڑی تھی۔پر امید ہے کہ اس سے عنقریب مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔تاہم وزیراعظم سے طالبان وفد کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی ۔اس ضمن میں نشر اور شائع ہونے والی خبروں میں صداقت نہیں۔