چاند کی مٹی میں آلو اگانے کا کامیاب تجربہ
ناسا کے تعاون سے ہونے والی تحقیق میں سائنس دانوں نے مصنوعی قمری مٹی میں نامیاتی مادے شامل کر کے آلو اگائے اور دریافت کیا کہ مناسب مقدار میں نامیاتی مادہ ملانے سے آلو کی پیداوار زمین کی مٹی کے برابر ہو سکتی ہے۔
تحقیق میں موڈوک نامی آلو کی قسم استعمال کی گئی، جس کا چھلکا سرخ اور گودا سفید ہوتا ہے اور یہ نسبتاً جلد تیار ہو جاتا ہے۔
امریکا اور چین آنے والے برسوں میں انسانوں کو چاند کی سطح پر بھیجنے اور وہاں مستقل اڈے قائم کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، چاند پر قیام کرنے والے خلاء بازوں کیلئے مقامی طور پر خوراک اگانا انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے، کیونکہ زمین سے تمام ضروری خوراک پہنچانا مشکل ہوگا۔
تحقیق کی سربراہی کرنے والے اوریگن اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرِ نباتات ایمرک گوئے کے مطابق آلو دیگر کئی فصلوں کے مقابلے میں کم رقبے پر زیادہ حرارے فراہم کرتے ہیں، ان میں کیلے سے زیادہ پوٹاشیئم، وٹامن سی اور اچھی مقدار میں پروٹین موجود ہوتی ہے، جبکہ یہ دیر تک پیٹ بھرے رکھنے والی غذا بھی ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق چاند کی سطح پر موجود مٹی درحقیقت پتھروں کے باریک ذرات اور گرد و غبار پر مشتمل ہے، جسے قمری ریگولِت کہا جاتا ہے، یہ اربوں سال کے دوران شہابیوں کے ٹکرانے سے وجود میں آئی ہے اور زمین کی مٹی کے برعکس اس میں نامیاتی مادے موجود نہیں۔
محققین نے مصنوعی قمری مٹی میں ورمی کمپوسٹ شامل کیا، جو کیچوؤں کے ذریعے نامیاتی فضلے کو گلانے سے تیار ہونے والی غذائیت سے بھرپور کھاد ہے۔
ایمرک گوئے کے مطابق قمری مٹی میں نائٹروجن موجود نہیں ہوتی، اس لیے نامیاتی مادے شامل کیے بغیر کوئی فصل نہیں اگائی جا سکتی، تجربے کے دوران ایسی مٹی میں لگائے گئے آلو جن میں ورمی کمپوسٹ شامل نہیں تھا، ان میں تقریباً جڑیں اور آلو پیدا نہیں ہوئے، 5 فیصد ورمی کمپوسٹ اور 95 فیصد قمری مٹی کے آمیزے میں آلو کی کچھ جڑیں اور گانٹھیں بنیں، جبکہ 30 فیصد ورمی کمپوسٹ شامل کرنے سے پیداوار زمین کی مٹی میں اگائے گئے آلو کے برابر ہو گئی۔
تحقیق کے دوران پودے ایسے گرین ہاؤس میں اگائے گئے جہاں قدرتی اور مصنوعی روشنی کا انتظام تھا، دن کے وقت درجۂ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ اور رات کو 18 ڈگری سینٹی گریڈ رکھا گیا۔
