مالدیپ کی وزیر خارجہ کی اسلام آباد آمد، صدر بھی آج پاکستان پہنچیں گے
اسلام آباد ایئرپورٹ پر مالدیپ کی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا استقبال دفتر خارجہ کے ترجمان، ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیا و سارک)، پاکستان میں مالدیپ کے ہائی کمشنر اور مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو بھی آج بعد میں سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، دورے کے دوران صدر محمد معیزو اپنے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے جو ان کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔
مالدیپ کے صدر وزیراعظم شہباز شریف سے معاونین کے بغیر اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کریں گے۔
دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے امکانات تلاش کریں گے۔
دورے کے دوران دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں سے متعلق متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔
