گیس کے شعبے کا گردشی قرضہ 3 ہزار 631 ارب روپے تک پہنچ گیا
قومی اسمبلی اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے گیس کے شعبے کے گردشی قرضوں اور ملک میں تیل و گیس کے ذخائر سے متعلق تفصیلات پیش کر دی گئیں۔
پٹرولیم ڈویژن کے مطابق 30 جون 2026 تک گیس کے شعبے کا گردشی قرضہ بڑھ کر 3 ہزار 631 ارب روپے ہو گیا، جبکہ 30 جون 2025 کو یہ قرضہ 3 ہزار 288 ارب روپے تھا۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران گیس کے شعبے کے گردشی قرضے میں 344 ارب روپے کا اضافہ ہوا، گردشی قرضے میں 1 ہزار 783 ارب روپے تاخیر سے ادائیگیوں پر عائد سرچارج کی مد میں بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گیس کے قابلِ حصول ذخائر 68 ہزار 803 بی سی ایف ہیں، جن میں سے 48 ہزار 140 بی سی ایف گیس کی پیداوار سے متعلق اعداد و شمار رپورٹ کیے گئے ہیں۔
مزید برآں پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ملک میں خام تیل کے قابلِ حصول ذخائر کا حجم 1 ہزار 378 ملین بیرل ہے، جبکہ خام تیل کے 1 ہزار 102 ملین بیرل ذخائر سے پیداوار ہو رہی ہے۔
