ڈپٹی کمشنر نصیر آباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار کی زیر صدارت ضلعی افسران کا تعارف اجلاس منعقد ہوا

20

انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نصیرآبادڈویژن14نومبر

نصیرآباد۔۔۔۔۔۔ڈپٹی کمشنر نصیر آباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار کی زیر صدارت ضلعی افسران کا تعارف اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کے ڈسٹرکٹ ہیڈز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔کئی محکموں کے ڈسٹرکٹ ہیڈز کی اجلاس میں عدم شرکت پر ڈپٹی کمشنر نے برہمی کا اظہار کیا اور ان کے خلاف بالا حکام کو تحریری طور پر اگاہی فراہم کرنے کی ہدایت کی اجلاس میں تمام افسران نے اپنے اپنے محکموں کے مفادِ عامہ میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں، کارکردگی اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نصیر آباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد ضلعی افسران سے تعارف اور تمام محکموں میں جاری ترقیاتی امور کے حوالے سے مکمل آگاہی حاصل کرنا ہے۔کوئی بھی ڈسٹرکٹ ہیڈز ہمیں مطلع کئے بغیر جائے تعیناتی سے غیر حاضر نہ رہیں محکمے میں عادی غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی کرنا متعلقہ آفیسران کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہمیں جو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، انہیں احسن طریقے سے سرانجام دینا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ تعلیم، صحت، آب نوشی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اپنے دفاتر میں باقاعدگی سے موجود رہیں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری امور کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی اور اس سلسلے میں سرپرائز وزٹ بھی کیے جائیں گے۔ کسی بھی افسر یا سرکاری عملے کی غیر حاضری کی صورت میں متعلقہ حکام کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار علی کرار نے کہا کہ ہم سب نے ٹیم ورک کے طور پر کام کرنا ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے پیش نظر ہر ممکن اقدامات یقینی بنانے ہوں گے تاکہ ضلع میں بہتر نظم و نسق اور عوامی سہولیات کی فراہمی مزید مؤثر طریقے سے جاری رکھی جاسکے۔

Comments are closed.