ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ضلعی لائبریری کا دورہ کرتے ہوئے وہاں موجود سہولیات، انتظامی صورتحال اور وسائل کی کمی کا تفصیلی جائزہ لیا

20

محکمہ انفارمیشن نصیرآبادڈویژن14نومبر

جعفرآباد۔۔۔۔۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ضلعی لائبریری کا دورہ کرتے ہوئے وہاں موجود سہولیات، انتظامی صورتحال اور وسائل کی کمی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران لائبریری انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر کو درپیش مسائل، کتابوں کی کمی، انفراسٹرکچر کی ضروریات اور بہتر ماحول کی فراہمی سے متعلق آگاہ کیا۔ لائبریری میں مطالعہ کرنے والے طلباء بھی ڈپٹی کمشنر سے ملے اور لائبریری کے اوقات کار میں توسیع، آرام دہ ماحول، مزید کتب کی فراہمی اور دیگر سہولیات بہتر بنانے کی درخواست کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ لائبریریاں علم و ادب کا خزانہ ہوتی ہیں، جہاں آنے والے نوجوان کتابوں کے سینوں میں چھپے قیمتی علم سے استفادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعفرآباد کے نوجوانوں میں کتب بینی کا رجحان خوش آئند اور قابلِ تحسین ہے، اور ضلعی انتظامیہ اس مثبت رجحان کو مزید فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ لائبریری کے بنیادی مسائل حل کرنے اور وہاں سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزید کتابوں کا اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے اور اس حوالے سے متعلقہ اعلیٰ حکام کو بھی مکمل رپورٹ ارسال کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لائبریری کو جدید، فعال اور بہتر سہولیات سے آراستہ کرکے نوجوانوں کے لیے مثالی مطالعہ گاہ بنایا جائے گا۔

Comments are closed.