وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر شدید ردِعمل
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے خلاف دیے گئے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان پر سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس بیان کو قومی یکجہتی کے منافی اور دشمن کے بیانیے کو تقویت دینے کی کوشش قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر افسران اور جوان قوم کے سچے ہیرو ہیں، اور ان کی قربانیوں پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔ ایسے محب وطن سپوتوں کے بارے میں منفی اور بے بنیاد گفتگو کسی بھی ذی شعور پاکستانی کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا بیان نہ صرف سکیورٹی اداروں کی توہین ہے بلکہ ان ہزاروں شہداء کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے جنہوں نے اپنی جانیں قربان کر کے وطن میں امن بحال کیا۔ اس نوعیت کے بیانات دشمن قوتوں کو خوش کرنے اور عوامی اعتماد کو مجروح کرنے کے مترادف ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں اور پوری قوم اور عالمی برادری ان کے کردار کی معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی فورسز ہیں جنہوں نے بلوچستان سے لے کر خیبر تک اپنی جانیں نچھاور کر کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو اپنے غیر ذمہ دارانہ بیان پر قوم اور شہداء کے لواحقین سے فوری معافی مانگنی چاہیے، کیونکہ ایسے بیانات دشمن کے عزائم کو تقویت دیتے اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن سکیورٹی اداروں کی تضحیک کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ سکیورٹی فورسز پاکستان کے فخر اور استحکام کی علامت ہیں، اور بلوچستان حکومت ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
Comments are closed.