بلوچستان وفاقی لیویز کا خاتمہ، نئی صوبائی لیویز فورس قائم

28

بلوچستان اسمبلی نے “لیویز فورس بل 2025” منظور کر لیا، جس کے تحت وفاقی لیویز فورس کو ختم کر کے اسے مکمل طور پر بلوچستان لیویز فورس میں ضم کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد وفاقی لیویز کا وجود ختم ہو گیا اور اب تمام لیویز اہلکار بلوچستان حکومت کے ماتحت فرائض انجام دیں گے۔

بل کے مطابق لیویز فورس کو ایک مربوط، منظم اور خودمختار صوبائی سیکیورٹی ادارہ بنایا جا رہا ہے، جس کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل لیویز کرے گا۔

نئے قانون کے تحت ایوزی/بازگیر اور موروثی بھرتیوں کا نظام ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام اہلکاروں کو یکساں تنخواہیں، مراعات اور اختیارات حاصل ہوں گے۔

لیویز فورس کو امن و امان، تفتیش، گرفتاری، عوامی تحفظ اور جرائم کی روک تھام جیسے اختیارات دیے گئے ہیں۔ اس بل کا اطلاق ان تمام اضلاع میں ہوگا جہاں پہلے وفاقی لیویز تعینات تھی، جن میں چاغی، ژوب، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ، نوشکی سمیت 18 اضلاع شامل ہیں۔

بل کی منظوری کے بعد لیویز فورس کو لازمی سروس قرار دے دیا گیا ہے، یعنی اہلکار کسی بھی حال میں ڈیوٹی سے انکار نہیں کر سکیں گے۔

بلوچستان حکومت نے اسے ایک اہم اصلاحاتی قدم قرار دیا ہے جس کا مقصد لیویز نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

Comments are closed.