ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ایک اہم اجلاس ڈی سی کانفرنس روم خضدار میں منعقد ہوا
خضدار: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ایک اہم اجلاس ڈی سی کانفرنس روم خضدار میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں تعلیمی شعبے کی ترقی، اسکولوں کی کارکردگی، اساتذہ کی حاضری، اور طلبہ کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیئے جامع اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں ضلعی اور تحصیلی تعلیمی حکام (DEOs)، اسکولوں کے پرنسپلز، اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ضلعی اور تحصیل کے ایجوکیشن آفیسرز نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع کے اسکولوں کی موجودہ صورتحال، بنیادی سہولیات، اور تدریسی عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال بلوچ اور اے ڈی سی خضدار رحمت اللہ بلوچ اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے تعلیمی نظام میں بہتری کے لیئے اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی حاضری اور تدریسی معیار کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے غیر فعال اسکولوں کو فعال کرنے، اسکولوں میں پینے کے صاف پانی، بجلی، اور واش رومز جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ اجلاس میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، اور اسکولوں کے بنیاد ڈھانچے کی بہتری کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی اہداف کے حصول کے لیئے مربوط کوششیں کریں تاکہ ضلع خضدار میں تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیم کے شعبے کو ترقی دینے کے لیئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں شرکاء نے تعلیمی بہتری کے لیئے تجاویز پیش کیں، جن پر عمل درآمد کے لیئے ایک جامع لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے غیر حاضر اساتذہ کی غیر حاضری پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے تعلیمی نظام کے لیئے نقصان دہ قرار دیا۔ انہوں نے اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے اور غیر حاضر اساتذہ کے خلاف تادیبی کارروائی کی تجویز دی۔ اجلاس میں نظام تعلیم اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے تعلیمی نظام میں شفافیت حکمت عملی تیار کی گئی۔
Comments are closed.