ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور سے ایکسئین کیسکو حسین بخش پیچو نے ان کے دفتر میں ملاقات کی
گوادر: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور سے ایکسئین کیسکو حسین بخش پیچو نے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں نیو ٹاؤن کے جاری بجلی کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں کونسلر نیو ٹاؤن امان اللہ بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران نیو ٹاؤن کے مکینوں کو درپیش غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بجلی کے وولٹیج میں اتار چڑھاؤ، علاقے کے لیے علیحدہ فیڈر کی ضرورت، اور کوسٹ گارڈ فیڈر پر جاری پرانے کنڈکٹرز کی مرمت جیسے اہم امور زیرِ بحث آئے۔
ایکسئین کیسکو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فی الوقت کوسٹ گارڈ فیڈر پر جاری مرمتی کام کی وجہ سے نیو ٹاؤن کے رہائشیوں کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ ایرانی جانب سے فراہم کی جانے والی بجلی بھی محدود ہے، جو شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ کوسٹ گارڈ فیڈر پر بہتری اور مرمت کا کام اگست کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ مرمت کے بعد تمام پرانے اور خستہ حال کنڈکٹرز کو تبدیل کر دیا جائے گا، جس کے نتیجے میں بار بار کی خرابیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے مستقل نجات ملے گی۔
ایکسئین کا کہنا تھا کہ چونکہ کوسٹ گارڈ فیڈر پہلے ہی اضافی بوجھ کا شکار ہے، اس لیے مرمت کے دوران صرف اُن علاقوں کی بجلی منقطع کی جائے گی جہاں کام جاری ہوگا، جبکہ دیگر علاقوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عبدالشکور نے ایکسئین کیسکو کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ کیسکو نیو ٹاؤن کے بجلی سے متعلق مسائل کو جلد از جلد حل کرے گا، تاکہ عوام کو ریلیف میسر آ سکے۔
Comments are closed.