پاک بحریہ کے لیے تیار کردہ گن بوٹ پی این ایس ساہیوال کی لانچنگ تقریب کا انعقاد

21

کراچی، 24 جولائی 25: پاک بحریہ کے لیے مقامی طور پر ڈیزائن کردہ گن بوٹ پی این ایس ساہیوال کی لانچنگ تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (KS&EW) میں منعقد ہوئی۔ وائس چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

پی این ایس ساہیوال گن بوٹ، پاک بحریہ کے پلیٹ فارم ڈیزائن ونگ(PDW) نے مقامی طور پر ڈیزائن کی ہے اور کراچی شپ یارڈ میں زیرِ تعمیر ہے۔ جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس گن بوٹ میں طویل فاصلے تک مار کرنے والی سیمی آٹومیٹک گنز نصب کی جائیں گی، جو اسے میری ٹائم مشنز میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے پاک بحریہ کے پلیٹ فارم ڈیزائن وِنگ(PDW) اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (KS&EW) کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا، اور پاک بحریہ کی خود انحصاری کی پالیسی کو فروغ دینے میں ان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے وزارتِ دفاعی پیداوار کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس منصوبے میں مسلسل تعاون فراہم کیا۔ مہمانِ خصوصی نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ نئی تیار کردہ گن بوٹ مختلف نوعیت کی بحری سیکیورٹی امور سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ پاک بحریہ مستقبل میں اس طرز کی مزید گن بوٹس کی پروڈکشن پر بھی غور کر رہی ہے۔ یہ عمل نہ صرف خود انحصاری کی پالیسی کو تقویت دے گا بلکہ KS&EW کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

لانچنگ کی تقریب میں پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام، وزارتِ دفاعی پیداوار, کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس اور شپ بلڈنگ انڈسٹری کے نمائندگان نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)

Comments are closed.