ضلعی انتظامیہ گوادر کی جانب سے نیو ڈور/منڈی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

20

ضلعی انتظامیہ گوادر کی جانب سے نیو ڈور/منڈی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر نے کی۔ اس عوامی اجتماع کا مقصد مقامی آبادی کے مسائل اور شکایات کو براہِ راست سننا اور فوری نوعیت کے حل کو ممکن بنانا تھا۔
تقریب میں 70 سے 80 کے قریب مقامی افراد نے شرکت کی، جن میں قبائلی عمائدین، معتبر شخصیات اور نوجوان شامل تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) گوادر، محکمہ صحت، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (PHE) اور کییسکوں (QESCO) کے نمائندے بھی موجود تھے، جنہوں نے شہریوں کے ساتھ براہ راست گفتگو کی۔
کھلی کچہری میں عوام کی جانب سے متعدد مسائل اجاگر کیے گئے، جن میں صاف پانی کی شدید قلت، بجلی کی بار بار بندش اور طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ، نیز علاقے میں منشیات فروشی اور نشہ آور اشیاء کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں نمایاں تھیں۔
ضلعی انتظامیہ نے ان مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کا اعلان کیا۔ پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر ٹینکروں کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر گوادر اور پی ایچ ای کی مشترکہ ٹیم عنقریب علاقے کا دورہ کرے گی تاکہ پانی کی فراہمی کے مستقل حل پر کام کیا جا سکے۔
اسی طرح منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے پولیس نے نشے کے عادی افراد اور منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ بجلی کے بحران کے پیش نظر کییسکوں کی جانب سے بجلی کی فراہمی کا نیا شیڈول مرتب کیا گیا ہے، جسے مقامی ضروریات اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے نافذ کیا جائے گا۔
آخر میں ضلعی انتظامیہ نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور تمام سرکاری ادارے عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر وقت مستعد رہیں گے۔

Comments are closed.