وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات، ایمان شاہ نے خطے میں جاری سیلابی صورتحال پر ایک ہنگامی پریس کانفرنس
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات، ایمان شاہ نے خطے میں جاری سیلابی صورتحال پر ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چلاس تھک کے مقام پر آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس قدرتی آفت کے باعث کئی املاک تباہ ہو چکی ہیں اور 18 سیاح لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل سرگرم عمل ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ریسکیو آپریشن کو فوری طور پر تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ایمان شاہ نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان اس مشکل وقت میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر متاثرہ افراد کی مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سیلابی ریلے کے باعث شاہراہ بابوسر پر واقع دو مساجد شہید ہو چکی ہیں، ایک گرلز اسکول، دو ہوٹل، ایک پن چکی، گندم ڈپو، پولیس چوکی اور سیاحوں کے لیے قائم ٹورسٹ پولیس شیلٹر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ مزید برآں، شاہراہ بابوسر سے متصل علاقوں میں پچاس سے زائد مکانات مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں، جبکہ آٹھ کلومیٹر سے زائد سڑک شدید متاثر ہوئی ہے۔لینڈ سلائیڈنگ اور ملبے کے باعث پندرہ سے زائد مقامات پر سڑک بلاک ہو چکی ہے، جس کے باعث آمدورفت معطل ہے۔ اب تک ایک کلومیٹر سے زائد سڑک کو کلیئر کر دیا گیا ہے جبکہ امدادی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں۔ معاون خصوصی نے رضاکاروں، خصوصاً چلاس کے مقامی نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ نہ صرف سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا بلکہ انہیں اپنے گھروں میں پناہ بھی دی گئی۔ اس موقع پر چلاس ہوٹل ایسوسی ایشن کی جانب سے سیاحوں کو مفت رہائش و سہولیات کی فراہمی پر ان کی خدمات کو سراہا گیا اور مہمان نوازی کی روایت کو اجاگر کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا۔ایمان شاہ نے بتایا کہ مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے سینکڑوں سیاحوں کو ریسکیو کر کے چلاس شہر منتقل کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، ریسکیو 1122، گلگت بلتستان اسکاوٹس اور دیگر ادارے مشترکہ طور پر امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے ان تمام اداروں اور افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے فوری ردعمل دے کر قیمتی جانوں کے تحفظ اور بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا۔پریس کانفرنس کے اختتام پر ایمان شاہ نے کہا کہ حکومت نہ صرف فوری امدادی سرگرمیوں پر توجہ دے رہی ہے بلکہ متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بحالی کا کام بھی شروع کیا جائے گا۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، اور حکومتی اداروں سے مکمل تعاون جاری رکھیں تاکہ اس قدرتی آفت سے نمٹنے میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
Comments are closed.