محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے زیرِ اہتمام سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی کی صدارت میں صحت کے شعبے کے مستقبل کی سمت متعین کرنے کے لیے ایک روزہ مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا

16

کوئٹہ22 جولائی :۔محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے زیرِ اہتمام سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی کی صدارت میں صحت کے شعبے کے مستقبل کی سمت متعین کرنے کے لیے ایک روزہ مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس اہم ورکشاپ میں محکمہ صحت کے سینئر افسران، ماہرین صحت اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء میں بلوچستان ہیلتھ کارڈ کے ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر احمد ولی، ڈاکٹر شکو منگل، اور پروفیسر ڈاکٹر راز محمد کاکڑ شامل تھے۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی قیادت میں محکمہ صحت میں نمایاں اور قابلِ ذکر اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جن کے مثبت اثرات صوبے بھر میں دیکھے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ہنگامی بنیادوں پر علاج معالجے کی سہولیات کو معیاری اور مفت بنانے کا جامع نظام فراہم کیا ہے، جس سے عام شہری مستفید ہو رہے ہیں۔سیکریٹری صحت نے مزید کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) کے تعاون سے بلوچستان کے صحت کے نظام میں ایک طویل المدتی اصلاحاتی ایجنڈا متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کا مقصد نہ صرف موجودہ مسائل کا حل بلکہ مستقبل میں عوام کو بہتر اور پائیدار طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ دس سالہ ہیلتھ سیکٹر پلان اس مقصد کے حصول میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان ہیلتھ کارڈ کے ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر احمد ولی نے کہا کہ حکومت بلوچستان، محکمہ صحت اور ڈبلیو ایچ او کی مشترکہ کاوشوں سے صوبے کے چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں طبی سہولیات میں بڑی تبدیلیاں آ رہی ہیں، جن کے دور رس اثرات سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ عوامی صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا اور اس سے نہ صرف شہریوں کو معیاری طبی خدمات فراہم ہوں گی بلکہ صوبے کے صحت کے نظام کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔ورکشاپ کے دوران ماہرین صحت نے تجاویز اور سفارشات پیش کیں، جنہیں آئندہ دس سالہ منصوبہ بندی میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ورکشاپ کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ محکمہ صحت بلوچستان اور اس کے شراکت دار ادارے عوامی خدمت کے اس مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے مسلسل کوشاں رہیں گے۔

Comments are closed.