بنگلہ دیشی فضائیہ کا تربیتی طیارہ سکول کی عمارت پر گر گیا، 16 افراد جاں بحق ، 100 سے زیادہ زخمی

36

ڈھاکہ۔21جولائی :بنگلہ دیشی فضائیہ کا تربیتی طیارہ سکول کی عمارت پر گِرنے سے کم از کم 16 افرادجاں بحق اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کے معاون خصوصی پروفیسر سید الرحمان نے ان اعداد و شمار کی تصدیق کی ہے۔حادثے میں کم از کم 73 افراد کو جھلسنے کی چوٹیں آئی ہیں جنہیں ہسپتال داخل کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کی حکومت نے اس حادثے کے بعد منگل کو یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔بنگلہ دیشی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایئر فورس کا طیارہ ایف سیون بے جے آئی نے پیر کی دوپہر ایک بج کر چھ منٹ پر اڑان بھری مگر یہ فوراً بے قابو ہو گیا اور سکول کی عمارت سے جا ٹکرایا۔

اطلاعات کے مطابق یہ تربیتی طیارہ ڈھاکہ میں مائلسٹون سکول اور کالج کیمپس پر گِرا ہے۔ اس وقت سکول اور کالج میں امتحانات جاری تھے اور بریک کا وقت ہونے کی وجہ سے کئی والدین سکول کے گیٹ کے اندر تھے اور بچے باہر نکل رہے تھے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں کئی طلبہ کے والدین بھی شامل ہیں۔

Comments are closed.