جاپان، حکمران اتحاد کی ایوان بالا کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکامی کے باوجودوزیر اعظم شیگیرو ایشیبا کا اپنے عہدے پر برقرار رہنے کا اعلان

23

ٹوکیو۔21جولائی :جاپان کے وزیراعظم شیگیرو ایشیبا نے حکمران اتحاد کی طرف سے ایوان بالا کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکامی کے باوجود اپنے عہدے پر برقرار رہنے کا اعلان کیا ہے۔

جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپانی وزیر اعظم کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) گزشتہ اکتوبر میں ہونے والے قبل از وقت الیکشن کے بعد سے ایوان زیریں میں پہلے سے ہی اقلیت میں ہے اور اسے مہنگائی، سیاسی اسکینڈلز اور امیگریشن مخالف جذبات میں اضافے پر عوامی بے چینی کا بھی سامنا ہے۔

جاپان میں حکمران اتحاد کو ان کے پاس پہلے سے موجود 75 سیٹوں کے علاوہ 125 میں سے 50 سیٹیں جیتنے کی ضرورت تھی تاہم وہ صرف 46 سیٹیں ہی جیت سکا۔ حالیہ برسوں میں اس طرح کی انتخابی شکست کے بعد عام طور پر وزرائے اعظم نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تاہم موجودہ وزیر اعظم شیگیرو ایشیبا نے بڑھتے ہوئے ٹیرف کے درمیان امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنے کے مشکل حالات میں جاپان کی قیادت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ہم امریکا کے ساتھ انتہائی نازک ٹیرف مذاکرات میں مصروف ہیں ، ہمیں ان مذاکرات کو خراب نہیں کرنا چاہیے۔ واضح رہے کہ 1955 میں پارٹی کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ایل ڈی پی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اکثریت سے محروم ہو چکی ہے۔

جاپانی وزیراعظم کو فوری طور اپوزیشن کی طرف سے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کئے جانے کا خطرہ تو نہیں لیکن ان کو اپنی پارٹی کے اندر سے استعفیٰ دینے یا کسی اور اتحادی ساتھی تلاش کرنے کے مطالبات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Comments are closed.