صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ درانی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم بلوچستان اور ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے مابین ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

18

کوئٹہ 21 جولائی :۔ صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ درانی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم بلوچستان اور ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے مابین ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کا مقصد اسکولوں میں طلباءو طالبات کے لیے جاری غذائیت پروگرام کو مزید مو¿ثر اور مربوط بنانا تھا۔ اجلاس میں سیکرٹری اسکول ایجوکیشن اسفند یار خان سمیت WFP کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ اسکول کے بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی ناگزیر ہے۔ اس ضمن میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے جن کا مقصد پروگرام کے نفاذ کو شفاف، منظم اور نتیجہ خیز بنانا ہے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی سطح پر نگرانی کے لیے کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جو اسکولوں میں فراہم کی جانے والی خوراک کے معیار، تقسیم کے عمل اور مجموعی نظم و نسق کی مو¿ثر نگرانی کریں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ، محکمہ تعلیم اور ورلڈ فوڈ پروگرام ایک مشترکہ طریقہ کار کے تحت عمل درآمد کی جامع منصوبہ بندی بھی کریں گے تاکہ وسائل کا درست استعمال اور اہداف کا بروقت حصول ممکن بنایا جا سکے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ محکمہ تعلیم بلوچستان اس حوالے سے ایک جامع حکمتِ عملی بھی ترتیب دے رہا ہے جس کے تحت اسکول کے تمام طلبہ کو ایسی خوراک فراہم کی جائے گی جو نہ صرف ان کی جسمانی ضروریات کو پورا کرے بلکہ تعلیمی کارکردگی پر بھی مثبت اثر ڈالے۔ اس حکمتِ عملی میں مقامی ضروریات اور زمینی حقائق کو بھی مدِنظر رکھا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں، اجلاس میں اسکول ہیلتھ اسکریننگ پروگرام کے ابتدائی خدوخال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت طلبہ کی صحت کے بنیادی مسائل کی بروقت نشاندہی اور ان کے ازالے کے لیے اقدامات تجویز کیے جائیں گے، تاکہ بچوں کو ایک محفوظ، صحت مند اور بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔ محکمہ تعلیم کے حکام نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں بچوں کی فلاح و بہبود، صحت اور تعلیم کے باہم ج±ڑے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا، تاکہ نئی نسل ایک توانا، باشعور اور تعلیم یافتہ معاشرے کی بنیاد بن سکے۔

Comments are closed.