صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے قلات میں مسافر بس پر دہشت گردوں کے بہیمانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت
کوئٹہ 16 جولائی
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے قلات میں مسافر بس پر دہشت گردوں کے بہیمانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انسانیت سوز واقعہ انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سفاکانہ حملے میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بے گناہ مسافروں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے اور انصاف کے کٹہرے میں لائے جائیں گے۔
بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ یہ واقعہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے جس کے ذریعے بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن بلوچستان کے باشعور عوام اور سیکیورٹی ادارے ان سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ واقعہ کے فوری بعد قلات اور کوئٹہ کے تمام بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی اور زخمیوں کے علاج و معالجے کی مکمل نگرانی خود کر رہا ہوں۔
بخت محمد کاکڑ نے شہید ہونے والوں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پیپلز پارٹی ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔



