سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد غلام سرور بنگلزئی نے کہا ہے کہ کینال نیٹ ورک مکمل طور پر محفوظ اور فعال ہے اور روزانہ کی بنیاد پر پانی کی ترسیل جاری ہے
نصیرآباد11جولائی :۔سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد غلام سرور بنگلزئی نے کہا ہے کہ کینال نیٹ ورک مکمل طور پر محفوظ اور فعال ہے اور روزانہ کی بنیاد پر پانی کی ترسیل جاری ہے۔ اس وقت پٹ فیڈر کینال میں 6400 کیوسک جبکہ کیرتھر کینال میں بلوچستان کو 2100 کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔سیلابی صورتحال اور مون سون بارشوں کے پیش نظر محکمہ ایریگیشن کا عملہ ہمہ وقت مشینری کے ہمراہ الرٹ ہے۔ قدرتی آفات کا مقابلہ تو ممکن نہیں، تاہم دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر عوام کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے، جس کے لیے انجینیئرز اور فیلڈ اسٹاف بھرپور خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ان خیالات انہوں نے کینال سسٹم کے جائزے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر دیگر افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔ غلام سرور بنگلزئی نے ہدایت کی کہ مون سون بارشوں کے دوران حفاظتی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے، تمام کینالز اور ذیلی شاخوں پر مسلسل نظر رکھی جائے اور جہاں خدشات ہوں وہاں مشینری کو الرٹ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پٹ فیڈر کینال، کیرتھر کینال، اوچ کینال، مانجھوٹی کینال، شاہ واہ، زیب واہ اور کچھی کینال سمیت تمام ذیلی شاخوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم جاری ہے۔ ایریگیشن اسٹرکچر کی مکمل بحالی اور مرمت کے لیے عملہ متحرک ہے جبکہ مشینری کے ذریعے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایس ای غلام سرور بنگلزئی کا کہنا تھا کہ ڈویڑن بھر کی ضلعی انتظامیہ سے بھی قریبی رابطے جاری ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور موثر اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی جی خان، ڈیرہ بگٹی، لہڑی ریورز اور قبولہ سمیت بالا علاقوں سے آنے والے سیلابی ریلوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، کیونکہ ان علاقوں سے ہمیشہ کینالز سسٹم کو خطرہ لاحق رہتا ہے، تاہم اس وقت صورتحال نارمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ایریگیشن سیلابی صورتحال کی مانیٹرنگ اور کسانوں کو زرعی پانی کی فراہمی دونوں چیلنجز پر موثر حکمت عملی سے کام کر رہا ہے۔عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنی جائے تعیناتی پر موجودگی یقینی بنائیں، بصورت دیگر غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مون سون بارشوں کے دوران ندی نالوں کے قریب رہائش سے گریز کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں انہوں نے کہا کہ محکمہ ایریگیشن، ڈویڑنل و ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل باہمی رابطے میں ہیں، عوام بھی تعاون کریں تاکہ حفاظتی اقدامات کو بہتر سے بہتر بنایا جا سکے۔
Comments are closed.