معرکہ حق” اور یومِ آزادی کی تقریبات کے حوالے سے دوسرا رابطہ اجلاس، احسن اقبال کی زیر صدارت منعقد

20

اسلام آباد، 10 جولائی 2025 — وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت “معرکہ حق” اور یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں دوسرا رابطہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی رانا ثناء اللہ، وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، اور آئی ایس پی آر، کابینہ ڈویژن، وزارتِ منصوبہ بندی، وزارتِ داخلہ، وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت، وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، وزارتِ بین الصوبائی رابطہ اور دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں یومِ آزادی کے موقع پر منعقد کی جانے والی تقریبات سے متعلق مختلف تجاویز کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ یومِ آزادی کی تقریبات کو قومی ہم آہنگی اور شمولیت کا حقیقی مظہر بنانے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ احسن اقبال نے کہا کہ یہ جشنِ آزادی ہمارے لیے ایک عظیم موقع ہے، جسے ہم قومی اتحاد، یکجہتی اور ثابت قدمی کے جذبے کے ساتھ بھرپور انداز میں منائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سڑکوں اور شاہراہوں کو اس انداز میں روشن کیا جائے کہ دنیا دیکھے کہ اس بار کا جشنِ آزادی امید، وحدت اور نئے ولولے کا پیغام لیے ہوئے ہے۔

اجلاس کے دوران تمام متعلقہ وزارتوں کو ان کے تفویض کردہ کاموں پر فوری عملدرآمد شروع کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ان تقریبات کے ذریعے قوم، خصوصاً نوجوان نسل اور عوام کو کیا پیغام دینا ہے، یہ بات واضح ہونی چاہیے تاکہ جشنِ آزادی کا پیغام ہم آہنگ ہو اور پوری قوم کو متاثر کرے

Comments are closed.