اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمانی وفد کی آذربائیجان کے وزیراعظم سے ملاقات۔

17

باکو، 9 جولائی 2025؛ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے باکو میں جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر اعظم علی اسدوف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، پارلیمانی روابط، اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان مشترکہ مذہب، تقافت، بھائی چارے اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔پاکستان کی عوام آذربائیجان کی عوام سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔انہوں نے دوطرفہ رابطوں کے فروغ کے ذریعے دونوں ممالک کی عوام کو مزید قریب لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف اور اسپیکر ملی مجلس صاحبہ غفارووا سے حالیہ ملاقاتوں کو نہایت مثبت، تعمیری اور باہمی مفادات کے فروغ کا مظہر قرار دیا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے وزیر اعظم آذربائیجان کو حالیہ ای سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد دی اور کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی شرکت دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی، تعاون اور علاقائی یکجہتی کی مظہر ہے۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے اصولی مؤقف کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان، آذربائیجان کی جانب سے اظہار یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے آذربائیجان کی جانب سے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کا پرجوش خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سرمایہ کاری سے اقتصادی شراکت داری کو نئی جہت ملے گی۔ملاقات کے دوران اسپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں برادر ممالک کی پارلیمانوں کے مابین روابط کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا اور رواں سال ستمبر میں اسلام آباد میں سہ فریقی اسپیکرز کانفرنس کی میزبانی کی تجویز پیش کی۔

وزیراعظم علی اسدوف نے اس موقع پر مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کے اصولی اور غیر متزلزل مؤقف کا اعادہ کیا اور پاکستان کی جانب سے ناگورنو کاراباخ تنازعے پر آذربائیجان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔فریقین نے ترجیحاتی تجارتی معاہدہ (PTA) کے نفاذ کا خیرمقدم کرتے ہوئے تجارتی روابط کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم اسدوف نے واضح کیا کہ آذربائیجان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور باہمی اعتماد پر مبنی شراکت داری کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔

Comments are closed.