ایران حوثی ملیشیا کو اسلحہ سپلائی جاری رکھ کر سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے،امریکہ
واشنگٹن (این این آئی)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایران کی طرف سے یمن کے حوثی باغیوں کو اسلحہ اور گولہ بارود کی ترسیل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ایران حوثی ملیشیا کو اسلحہ سپلائی جاری رکھ کر سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق انہوںنے کہاکہ ایران سے حوثی باغیوں کو بھیجا گیا اسلحہ راستے میں پکڑا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران دہشت گردی کا سب سے بڑا پشت پناہ اور سرپرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے حوثیوں کو اسلحہ کی اسمگلنگ جاری رکھ کر سلامتی کونسل کی قراردادوں کو بھی چیلنج کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے ایران کی طرف سے حوثیوں کو اسلحہ کی سپلائی روکنے کے لیے عالمی برادری سے تہران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔مائیک پومپیو نے ٹویٹر پرکہاکہ حال ہی میں امریکی نیوی نے ایرانی ساختہ 385 میزائل پکڑے جنہیں یمن کے حوثی باغیوں کو بھیجا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی طرف سے یمن کے حوثی باغیوں کو اسلحہ سپلائی کرنا اس بات ثبوت ہے کہ ایران نہ صرف خطے میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا بلکہ تہران یمن کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کو بھی پامال کر رہا ہے۔