وزیراعظم کی طرف سے سردار اویس احمد خان لغاری کی کارکردگی کی تعریف میں لکھا گیا خط وزارتِ توانائی کو موصول

15

اسلام آباد۔31جولائی :وزیراعظم محمد شہباز شریف کی طرف سے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی کارکردگی کی تعریف میں لکھا گیا خط وزارتِ توانائی کو موصول ہوگیا۔ وزارت توانائی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر توانائی کی توانائی کے شعبے میں نمایاں اصلاحاتی اقدامات اور بہترین کارکردگی کو سراہنے کیلئے خط لکھا گیا ہے۔ خط میں وزیراعظم نے سردار اویس لغاری کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ مشکل ترین حالات میں توانائی کے شعبے میں اصلاحاتی ایجنڈے کو کامیابی سے آگے بڑھانا ان کی مو ¿ثر حکمتِ عملی، ادارہ جاتی تعاون اور غیر معمولی محنت کا مظہر ہے۔ خط میں وزیراعظم نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ سردار اویس لغاری کی کوششوں سے 780 ارب روپے کے گردشی قرضے میں نمایاں کمی ممکن ہوئی جس کے نتیجے میں گردشی قرضے کا حجم کم ہو کر 1,614 ارب روپے تک آ گیا، اس کو ایک غیر معمولی کامیابی قرار دیا گیا۔ مزید برآں 35 سے زائد آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی ازسرِ نو تشکیل اور چھ معاہدوں کے خاتمے کو ایک فیصلہ کن اصلاحاتی اقدام قرار دیا گیا جس سے قومی خزانے کو 3.6 کھرب روپے سے زائد کی بچت ممکن ہوئی۔ خط میں وزیرِ اعظم نے فی یونٹ 8.35 روپے کی مجموعی ٹیرف میں کمی کا بھی ذکر کیا جس سے عوامی سطح پر براہ راست ریلیف فراہم ہوا، صنعتی سرگرمیوں میں بہتری آئی اور ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔ خط میں “اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ”جیسے عوام دوست اقدامات کو جدید اور جوابدہ طرزِ حکمرانی کی مثال قرار دیا گیا جو توانائی کے شعبے میں عوام کے اعتماد کی بحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔ خط کے آخر میں وزیراعظم نے سردار اویس لغاری اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی مسلسل کاوشیں پاکستان کی توانائی کی سلامتی اور معاشی استحکام کو مزید تقویت دیں گی۔

Comments are closed.