بلوچستان کے قدرتی وسائل، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، اور سیاحت جیسے شعبے سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع فراہم کرتے ہیں بلال خان کاکڑ
کوئٹہ 30 جولائی:۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار گہری دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اور متعدد کمپنیاں صوبے میں سرمایہ کاری کے عملی اقدامات کی تیاری کر رہی ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے قدرتی وسائل، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، اور سیاحت جیسے شعبے سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع فراہم کرتے ہیں، جنہیں عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ بلال خان کاکڑ نے مزید کہا کہ BBOIT کی مسلسل کوششوں سے نہ صرف بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل ہوئی ہے بلکہ ملکی سطح پر بھی بلوچستان کے بارے میں ایک مثبت سوچ پروان چڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ نے مختصر عرصے میں مختلف شہروں میں سرمایہ کاری کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد کر کے بلوچستان کے مواقع کو نمایاں کیا، جن میں بزنس لیڈرز اور سرمایہ کارگروپوں کے وفود نے بھرپور شرکت کی۔ سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کے لیے بورڈ نے ‘ون ونڈو آپریشن’ متعارف کروایا ہے، جس کے تحت تمام ضروری اجازت نامے اور کاروباری سہولیات ایک ہی جگہ سے فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض منصوبوں پر عملی کام کا آغاز ہو چکا ہے، جو نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی معیشت کو تقویت دیں گے۔ بلال خان کاکڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان حکومت BBOIT کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی تاکہ صوبہ ایک پائیدار، خوشحال اور معاشی طور پر خود کفیل خطہ بن سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اب معاشی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، جہاں نجی شعبے کو مرکزی حیثیت حاصل ہو گی۔
Comments are closed.