پیما کا ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے پر ملک گیر آگاہی مہم کا اعلان
پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)کے تحت آج، 28 جولائی کو ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے کے موقع پر ملک گیر آگاہی مہم چلائی جائے گی، جس کا مقصد ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔ اس مہم میں عام افراد اور طبی عملے کے لیے آگاہی سیمینارز، واک، مفت اسکریننگ کیمپس اور سی ایم ای پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔
پیما اسلام آباد نے ہفتہ کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے اشتراک سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جس میں ہیپاٹائٹس B اور C کی مفت اسکرینگ و طبی معائنہ، ہیپاٹائٹس B کی ویکسی نیشن، ضرورت مند مریضوں کے لیے فری ریفرل اور ماہرین سے مزید معائنے کی سہولت کے ساتھ ضروری لیب ٹیسٹ بھی کیے گئے۔
پیما کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کی سب سے بڑی وجہ آلودہ اور استعمال شدہ سرنجیں اور غیر محفوظ انجیکشنز ہیں۔ وائرل ہیپاٹائٹس میں مبتلا تقریباً 90 فیصد افراد اپنی بیماری سے لاعلم ہوتے ہیں۔ بروقت تشخیص اور علاج کے لیے ٹیسٹ کروانا پہلا اور ضروری قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس A اور E آلودہ پانی اور غیر محفوظ خوراک سے پھیلتے ہیں، جبکہ ہیپاٹائٹس B، C اور D آلودہ سرنج، آلات جراحی اور غیر محفوظ انتقالِ خون کے ذریعے منتقل ہوتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس بی، سی اور ڈی کی بروقت تشخیص اور علاج نہ صرف مریض کی جان بچا سکتا ہے بلکہ یہ جگر کے کینسر جیسے جان لیوا نتائج سے بھی محفوظ رکھ سکتا ہے۔
Comments are closed.