ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا ہے کہ تعلیمی درسگاہوں کو فعال بنانے اور اساتذہ کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،

15

نصیرآبا24جولائی ۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا ہے کہ تعلیمی درسگاہوں کو فعال بنانے اور اساتذہ کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تدریسی عمل کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے ابھی سے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ سکول کھلنے کے بعد اساتذہ اور طلباء و طالبات کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اساتذہ کی غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تعطیلات کے فوراً بعد سرپرائز وزٹ کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالحمید ابڑو نے تعلیمی درسگاہوں کے مسائل اور دیگر امور سے آگاہ کیا جبکہ اجلاس میں عبد الواحد سومرو، ارشاد علی ڈومکی، مقبول احمد عمرانی، نثار احمد سومرو، خانزادی بلوچ، ثمینہ، رسول بخش کھوسہ، دوست علی عمرانی اور ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی بھی شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے ہدایت کی کہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران اپنی ذمہ داریوں کا بھرپور مظاہرہ کریں، سکولوں کے مسائل کا فوری تدارک کیا جائے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور آفیسران اپنی ذمہ داری کو عبادت سمجھ کر ادا کریں کیونکہ تعلیم کی بہتری ہی علاقے کی ترقی کی ضامن ہے۔

Comments are closed.