ملاوٹی دودھ کے خاتمے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی مسلسل متحرک ۔۔ ملاوٹی دودھ دہی کی فروخت پر مختلف اضلاع میں کریک ڈاؤن ۔۔۔ 10 سے زائد مراکز کے خلاف ایکشن !

17

(کوئٹہ / قلعہ سیف اللہ / مسلم باغ – 23 جولائی 2025)
خبرنامہ ۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ اور کوئٹہ کے نواحی علاقوں میں ملاوٹی اور غیر صحت بخش دودھ کی فروخت کے خلاف فیصلہ کن کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد دودھ فروشوں اور ملک شاپس کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ اور ملحقہ نیشنل ہائی وے پر قائم دودھ کی دکانوں اور دودھ بردار گاڑیوں کی بی ایف اے زونل انسپیکشن ٹیم نے دو دن تک مسلسل چیکنگ کی، اس دوران موقع پر دودھ کے نمونے لے کر فوری ٹیسٹ کیے گئے جن میں 9 دکانوں کے دودھ میں پانی اور خشک پاؤڈر کی ملاوٹ ثابت ہوئی، جس پر ان پر جرمانے عائد کیے گئے اور ملاوٹ شدہ دودھ کی بڑی مقدار کو تلف کر دیا گیا۔ انسپیکشن کے دوران یہ بھی دیکھا گیا کہ کئی ملک شاپس میں صفائی کے ناقص انتظامات اور غیر محفوظ طریقے سے دودھ اور دہی ذخیرہ کیے جا رہے تھے، جس پر دودھ فروشوں کو بی ایف اے کی وضع کردہ ایس او پیز کے مطابق بہتری کے لیے سخت تنبیہ جاری کی گئی۔ اسی طرح بی ایف اے ملک سیفٹی ٹیم نے کوئٹہ کے علاقے چشمہ اچوزئی میں دودھ فروشوں کے خلاف الگ کارروائی کرتے ہوئے 2 ملک شاپ مالکان کو پانی کی ملاوٹ پر جرمانہ کیا جبکہ دیگر 5 مراکز کو معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز دیے گئے۔ اس موقع پر دودھ کے تمام نمونے موقع پر ٹیسٹ کیے گئے تاکہ فوری نتائج کی روشنی میں کارروائی کی جا سکے۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق خوراک میں ملاوٹ انسانی صحت سے کھلواڑ ہے جس کے خلاف ادارہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت پورے صوبے میں سرگرم ہے اور عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ کسی بھی قسم کی ملاوٹی یا مشتبہ خوراک کی فروخت کی اطلاع فوری طور پر بی ایف اے ہیلپ لائن 4664507-0333 یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Comments are closed.