شندور پولو فیسٹیول 2025: چترال اے ٹیم کی سنسنی خیز فتح، لفٹننٹ جنرل عمر احمد کا خطاب اور اہم ترقیاتی اعلانات

22

شندور پولو فیسٹیول 2025: چترال اے ٹیم کی سنسنی خیز فتح، لفٹننٹ جنرل عمر احمد کا خطاب اور اہم ترقیاتی اعلانات

غذر/شندور. دنیا کے بلند ترین قدرتی پولو گراؤنڈ، شندور میں جاری شندور پولو فیسٹیول 2025 اختتام پذیر ہوگیا،جس میں سب سے اہم اور سنسنی خیز مقابلہ چترال اے اور گلگت اے ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔اس شاندار میچ کے ابتدائی ہاف میں چترال اے ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین گول کیے، جب کہ گلگت اے نے دو گول کے ساتھ مقابلہ جاری رکھا۔ دوسرے ہاف میں گلگت کی ٹیم نے مزید دو گول اسکور کیے، اور میچ تیسرے ہاف کے اختتام پر برابر ہو گیا۔ اضافی وقت میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد چترال اے ٹیم نے دو گول کی برتری سے فتح حاصل کی اور میدان مار لیا۔اسی روز گلگت آفیسرز کلب اور چترال آفیسرز کلب کے مابین کھیلے گئے دلچسپ مقابلے میں چترال آفیسرز نے 3-5 سے کامیابی حاصل کی۔فیسٹول کی مرکزی تقریب کے مہمانِ خصوصی لفٹننٹ جنرل عمر احمد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں یہ حسین موقع عطا کیا۔ چترال اور گلگت بلتستان کے دلیر لوگوں نے اس عظیم ورثے کو قائم رکھا، جو واقعی خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شندور صرف پولو کا میدان نہیں بلکہ ثقافت، روایات اور بھائی چارے کی علامت ہے۔ ہر سال ہزاروں سیاح یہاں آتے ہیں، اور ہم اس روایت کو مزید فروغ دیں گے۔لفٹننٹ جنرل عمر احمد نے علاقے کی ترقی کے لیے متعدد اہم اقدامات کا اعلان بھی کیا، جن میں شندور روڈ کی جلد تکمیل، نئے پلوں کی تعمیر، ایک کیڈٹ کالج اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہے، تاکہ مقامی آبادی کو تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر چترال نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے حکومتِ وقت سے مطالبہ کیا کہ شندور روڈ کی مرمت، کیڈٹ کالج کے قیام اور سی ایم ایچ اسپتال کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ خطے کی ترقی کا عمل مزید تیز ہو۔

Comments are closed.