گلگت بلتستان اسمبلی کا اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیل و امریکہ کے حالیہ حملوں کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد منظور،ممبر گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین نے یہ قرارداد پیش کی
گلگت بلتستان اسمبلی کا اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیل و امریکہ کے حالیہ حملوں کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد منظور،ممبر گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین نے یہ قرارداد پیش کی
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی نے اپنے اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے کیے گئے حالیہ وحشیانہ حملوں اور پے در پے جارحانہ اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اسمبلی نے ان حملوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور مذمت کی ہے۔قرارداد میں واضح کیا گیا کہ ان حملوں میں ایرانی فوجی تنصیبات کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد سینئر فوجی رہنما اور سائنسدان مبینہ طور پر شہید ہوئے۔ گلگت بلتستان اسمبلی نے ان اقدامات کو جنگی جرائم سے تعبیر کیا ہے، جو پورے خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔قرارداد میں بچوں سمیت عام شہریوں کے قتل عام کی بھی سخت مذمت کی گئی، اور اسے اسرائیل کی فلسطینی عوام کے خلاف مسلسل انسانی حقوق کی پامالیوں اور مظالم کا تسلسل قرار دیا گیا۔مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر، گلگت بلتستان اسمبلی نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اور مؤثر اقدامات اٹھاتے ہوئے مزید تباہی کو روکیں اور پائیدار امن کو یقینی بنائیں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے اس نازک موقع پر ایران کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور تمام متعلقہ فریقین سے اپیل کی کہ وہ پرامن اور سفارتی ذرائع سے تنازعات کا حل تلاش کریں تاکہ خونریزی کا سلسلہ بند ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد گلگت بلتستان کی عوام اور پوری پاکستانی قوم کی جانب سے انصاف، امن اور علاقائی استحکام کی حمایت میں ایک واضح اور دوٹوک موقف کی نمائندگی کرتی ہے۔
Comments are closed.