کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال سبی کا تفصیلی دورہ کیا
کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال سبی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر صحت عبدالخالق اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عمیر حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران کمشنر نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، لیبارٹری اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو نے ہسپتال کی موجودہ صورتحال اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر اسداللہ فیض نے ہسپتال کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود عملہ قابل تحسین خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے اسپتال میں موجود مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہم امور کو فوری طور پر سیکریٹری صحت کے نوٹس میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسپتال کو ایکسپریس فیڈر کے ذریعے 24 گھنٹے بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ڈینٹل یونٹ کا قیام، ادویات کی دستیابی، ڈاکٹروں کی تعیناتی کی منظوری اور بلڈ بینک کی فراہمی جیسے اہم معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور ان مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی، نظم و ضبط اور مریضوں کے لیے سہولیات کی بہتری کو یقینی بنایا جائے۔
Comments are closed.