جامعہ بلوچستان میں ایک اعلیٰ سطحی پوسٹ وزٹ سیمینار کا انعقاد کیا گیا
کوئٹہ 22جولائی :۔جامعہ بلوچستان میں ایک اعلیٰ سطحی پوسٹ وزٹ سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع تھا۔”یورپ (نیدرلینڈز اور اسپین) کے بلوچستان-یورپی واٹر اسٹڈی ٹور سے حاصل کردہ تجربات: بلوچستان میں مربوط آبی وسائل کے انتظام (IWRM) کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔مہمانِ خصوصی، محترمہ راحیلہ حمید درانی (صوبائی وزیر تعلیم، بلوچستان) نے جامعہ بلوچستان کی علمی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ آبی قلت کا شکار بلوچستان کے لیے مربوط اور موثر آبی پالیسی ناگزیر ہے۔ انہوں نے پائیدار ترقی کے لیے تعلیمی و حکومتی اداروں کے درمیان مضبوط روابط پر زور دیا۔سیمینار میں قومی و بین الاقوامی ماہرین، پالیسی سازوں، ماہرینِ تعلیم، یونیورسٹی فیکلٹی ممبران اور طلباء نے شرکت کی۔ اس کا مقصد یورپ میں رائج جدید آبی نظم و نسق کے طریقوں کا تجزیہ کرنا اور ان کے بلوچستان کے تناظر میں قابلِ عمل پہلوو¿ں پر غور کرنا تھا۔وائس چانسلر جامعہ بلوچستان، پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے شرکاءکو خوش آمدید کہا اور بلوچستان میں پائیدار آبی وسائل کے تحفظ و موثر استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ماڈلز سے سیکھ کر بلوچستان کے مخصوص حالات کے مطابق مربوط حکمت عملی اپنائی جا سکتی ہے۔تقریب میں مسٹر جیل بیکما نے ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی، جس میں نیدرلینڈز اور اسپین میں آبی نظم و نسق، انفراسٹرکچر، پالیسیوں اور IWRM ماڈلز کا جامع جائزہ پیش کیا گیا۔ ان کی گفتگو میں یورپ کے کامیاب تجربات کو بلوچستان میں اپنانے کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔سیمینار سے ماہر مشیر محترمہ سائمہ ہاشم نے آن لائن پریزنٹیشن دی، جس میں بلوچستان کو درپیش آبی چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر مفصل تجزیہ پیش کیا گیا۔بعد ازاں ایک معلوماتی پینل ڈسکشن منعقد ہوا، جس میں پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، ڈپٹی سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ جناب تنویر احمد جاموٹ، چیف کنزرویٹر فاریسٹ جناب سید غلام محمد، آبی امور کے ماہر جناب شمشر حیدر خان، محترمہ روبینہ شاہ، اور ڈاکٹر عمران درانی نے شرکت کی۔ شرکاءنے IWRM کے تحت ادارہ جاتی تعاون، پالیسی سازی اور زمینی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق (وائس چانسلر، سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی, پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ (BUITEMS)، یونیورسٹی اور پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، کوئٹہ بھی شریک تھے، جنہوں نے سیمینار کے موضوع، پیشکشوں اور نتائج کو سراہا اور مستقبل میں ایسے اقدامات کے تسلسل کی حمایت کی۔تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے شریک وائس چانسلرز، ماہرین اور مقررین کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔یہ سیمینار بلوچستان میں مربوط آبی وسائل کے نظم و نسق کے حوالے سے عملی منصوبہ بندی، شعور بیداری اور پالیسی سازی کی سمت ایک مو¿ثر پیش رفت ثابت ہوا۔
Comments are closed.