اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا بابوسر ٹاپ، گلگت بلتستان میں سیلابی ریلے سے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
اسلام آباد، 22 جولائی 2025؛اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بابوسر ٹاپ، گلگت بلتستان میں آنے والے سیلابی ریلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد، بالخصوص مشعل فاطمہ اور فحت اسلام کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پوری قوم سیلاب متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں سے جڑے خطرات کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیز کرنے، اور زخمی ہونے والے سیاحوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔سردار ایاز صادق نے سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو اداروں کی بروقت کارروائیوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرہ علاقوں، خصوصاً بابوسر، دیامر، اور گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ہر ممکن یکجہتی اور تعاون کیا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی جلد از جلد بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے متاثرین کے لیے خیموں، راشن، اور فوری طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
Comments are closed.