صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی نے ماؤنٹین ویو آئی ٹی پارک کا دورہ کیا
کوئٹہ: صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی نے ماؤنٹین ویو آئی ٹی پارک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خواتین کے لیے مخصوص انٹرپینیور سپیس کا افتتاح کیا اور آئی ٹی پارک کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو آئی ٹی کی تربیت اور آن لائن تجارت کی ٹریننگ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ وہ معاشی طور پر خودمختار ہو سکیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ خواتین ہر شعبے میں ترقی کریں، خاص طور پر تعلیم، ہنر اور ٹیکنالوجی کے میدان میں۔ محکمہ تعلیم خواتین کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا,انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی خواتین میں بے پناہ صلاحیت ہے، بس انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر راحیل جاوید، چیف ایگزیکٹو آفیسر ماؤنٹین ویو آئی ٹی پارک نے صوبائی وزیر کو پارک کے کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پارک نوجوانوں، خاص طور پر خواتین کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دے کر انہیں روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کر رہا ہے۔صوبائی وزیر نے آئی ٹی پارک کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ بلوچستان کے عوام، بالخصوص خواتین کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہاں سے نکلنے والی ہر خاتون اپنے پیروں پر کھڑی ہو اور معاشرے میں اپنا کردار ادا کرے۔
راحیلہ حمید خان درانی نے زور دے کر کہا کہ ہماری حکومت کا اولین مقصد نظامِ تعلیم کو بہتر بنانا ہے، جس میں خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر تعلیم، ہنر اور ٹیکنالوجی سے جوڑا جائے گا, انہوں نے مزید کہا کہ ہم خواتین کو ڈیجیٹل دنیا سے ہم آہنگ کر کے نہ صرف ان کی معاشی حالت بہتر بنائیں گے، بلکہ صوبے کی ترقی میں بھی ان کا کردار یقینی بنائیں گے۔ حکومت بلوچستان کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔
Comments are closed.