پاکستان ہاکی کا سب سے بڑا مسئلہ پروفیشنلزم کی کمی : سلمان

کراچی ( سپورٹس ڈیسک ) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان سلمان اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان سے محبت ظاہر کرنے کیلئے ضروری نہیں کہ وہ ہالینڈ میں اپنا سب کچھ چھوڑ کر رضاکارانہ طور پر پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ کام کرنے آجائیں،پاکستان ہاکی کا سب سے بڑا مسئلہ پروفیشنلزم کی کمی ہے ، ہاکی بھی بس سینئر نیشنل ٹیم کی حد تک محدود رہ گئی ہے ، وہاں تک آنے کے ٹریک پر کوئی کام نہیں ہورہا جس کی وجہ سے کھلاڑی گروم نہیں ہوپارہے ۔ ایک انٹرویو میں ایشین گیمز کے گولڈ ونر گول کیپر نے کہا کہ وہ گزشتہ چند سالوں سے ہالینڈ میں اکیڈمی چلا رہے ہیں اور اس اکیڈمی کیلئے ان کے مختلف معاہدے ہیں جن کو وہ یونہی چھوڑ کر نہیں آسکتے ، ڈیڑھ ماہ قبل آصف باجوہ نے انہیں کال کی اور کہا کہ فلائٹ پکڑ کر پاکستان آجاؤں جو ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ سیکھنے اور سیکھانے دونوں ہی کے انداز تبدیل کرنا ہوں گے ، اس کے بغیر ہاکی میں بہتری نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہوگی اگر وہ پاکستان ہاکی ٹیم سے وابستہ ہوں لیکن ایسا نہیں ہوسکتا کہ میں اپنا لگا ہو ا روزگار چھوڑوں اور آجاؤں، پلاننگ کے ساتھ پروفیشنل انداز میں اگر کام کیا جائے تو بات کی جاسکتی ہے ۔




