پاکستانتازہ ترین

خیبر پختونخوا کا میگا کرپشن اسکینڈل: مرکزی ملزم نے 3 ارب 45 کروڑ روپے کی پلی بارگین کی نئی درخواست جمع کرا دی

پشاور (ایم-الیاس ملاخیل سے) – خیبر پختونخوا کی تاریخ کے سب سے بڑے کرپشن اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کیس میں ملوث مرکزی ملزم نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو 3 ارب 45 کروڑ روپے کی پلی بارگین کے لیے دوبارہ درخواست جمع کرا دی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق اس بار پلی بارگین کی پیشکش پہلے سے کہیں زیادہ رقم پر کی گئی ہے، جس پر نیب سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ خطیر رقم نیشنل بینک کی داسو کوہستان برانچ میں قائم ملزم کے اکاؤنٹ سے ٹرانزیکشن کی گئی تھی، جو نیب کے پاس موجود شواہد کا حصہ ہے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ یہ رقم تین اقساط میں واپس ادا کرنے کو تیار ہے۔

نیب خیبر پختونخوا اور گرفتار ملزم کے درمیان ابتدائی طور پر اس ادائیگی کے طریقہ کار پر اتفاق ہو چکا ہے۔ نیب ذرائع نے بتایا کہ پلی بارگین کی منظوری کے لیے باقاعدہ کارروائی جلد مکمل کر کے درخواست منظور کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب احتساب عدالت نے بھی نیب کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ پلی بارگین کی درخواست پر عمل درآمد کے لیے ضروری اقدامات کرے۔ عدالت کی ہدایت سے کیس کی کارروائی میں مزید پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم ایوب اس سے قبل بھی پلی بارگین کی ایک درخواست جمع کرا چکا تھا، تاہم وہ کم رقم واپس کرنے کی پیشکش کر رہا تھا، جسے نیب نے ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔

موجودہ پیش رفت کو نیب کی بڑی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف عوامی فنڈز کی بڑی ریکوری ممکن ہوگی بلکہ دیگر ملوث عناصر کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی کے دروازے بھی کھلیں گے۔

یہ اسکینڈل خیبر پختونخوا میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق ہے، جس میں مختلف سرکاری اور نجی شخصیات کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ نیب کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔

Related Articles

Back to top button