گلگت: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے قلات کے قریب کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں 3 بے گناہ افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ وحشیانہ فعل انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی بزدلانہ ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت اور عوام متاثرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اس مشکل گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا کہ یہ حملہ نہ صرف بے گناہ شہریوں کی زندگیوں پر حملہ ہے بلکہ امن و امان کے خلاف بھی ایک گھناؤنی سازش ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے فوری ردعمل اور ریسکیو آپریشن کی تعریف کی اور مطالبہ کیا کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔



