اسلام آباد، 16 مئی، 2025:اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قلات کے قریب مسافر بس پر دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اس دلخراش واقعہ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی یہ بزدلانہ کارروائی انسانیت دشمنی کی بدترین مثال ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی، تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی ایسی مذموم کوششوں سے قومی عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔ اسپیکر قومی اسمبلی افسوسناک واقعہ میں زخمی ہونے والے مسافروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد پاکستان کے امن و استحکام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔ سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلخانہ کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔



