وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید کے گھر آمد، اہل خانہ سے ملاقات ، فاتحہ خوانی کی

19

اسلام آباد۔15اکتوبر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے راولپنڈی میں شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید کے گھر جا کر والدہ، اہلخانہ اور بچوں سے ملاقات کی اور گہرے افسوس و دکھ کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران فاتحہ خوانی بھی کی گئی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کی گئیں۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید کی والدہ اور اہل خانہ کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسی باہمت ماں کا حوصلہ دیکھ کر ہمارا حوصلہ اور بڑھ گیا ہے، شہدائ قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں سے ہی وطن کے تحفظ کی ضمانت ہوتی ہے۔وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ شہدائ قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، قوم اپنے ہیروز کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید کی والدہ نے اپنے بیٹے کی شہادت کو بڑی سعادت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے نے ملک کا پرچم بلند کیا اور ان کے دونوں پوتے وطن کی خدمت کے لیے پاک فوج میں شامل ہوں گے۔محسن نقوی اور طلال چوہدری نے سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل اور استقامت کی دعا کی اور قوم سے اپیل کی کہ شہدائ کے خاندانوں کا ہر ممکن خیال رکھا جائے۔ واضح رہے کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید چند روز قبل اورکزئی میں ملکی سالمیت کے لیے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے

Comments are closed.