بلوچستان میں پوست کی غیر قانونی کاشت کے خلاف محکمہ ایکسائز کی زیرو ٹالرنس مہم تیز

19

کوئٹہ، 13 نومبر 2025

بلوچستان میں پوست کی غیر قانونی کاشت کے خلاف محکمہ ایکسائز کی بھرپور مہم جاری ہے، جس کے دوران مختلف اضلاع میں پوست کے کھیت تلف کیے گئے اور متعدد کارروائیاں مکمل کی گئیں۔
سیکریٹری ایکسائز سید ظفر علی شاہ بخاری، ڈی جی ایکسائز نارتھ، اور ڈائریکٹر ایکسائز نصیر اللہ مندوخیل کی خصوصی ہدایات پر آپریشن مزید تیز کیا گیا ہے۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت منشیات کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت آپریشن کیے جا رہے ہیں۔

محکمہ نے واضح کیا ہے کہ منشیات کی غیر قانونی کاشت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور یہ مہم منشیات کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔

ترجمان کے مطابق کاشتکاروں کے لیے متبادل روزگار کے منصوبے زیر غور ہیں تاکہ ایک منشیات سے پاک معیشت کے قیام کی راہ ہموار کی جا سکے۔
محکمہ ایکسائز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی کاشت کی فوری اطلاع قریبی ایکسائز حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

Comments are closed.